وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا پمز ہسپتال کا دورہ، آتشزدگی کی تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا حکم

3

اسلام آباد  26 اگست (اے پی پی) : وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے وزیر داخلہ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر پمز ہسپتال کا ہنگامی دورہ کیا، جہاں انہوں نے آتشزدگی کے اندوہناک واقعے کے بعد ریسکیو آپریشن، امدادی کارروائیوں اور صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔

 اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے بتایا کہ ریسکیو ٹیموں نے محض 6 سے 7 منٹ کے اندر موقع پر پہنچ کر بروقت اور مؤثر کارروائی کی اور آپریشن مکمل کرتے ہوئے جاں بحق بچوں کی میتیں ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہیں۔

 انہوں نے واضح کیا کہ تمام متعلقہ انتظامی افسران آپریشن مکمل ہونے تک خود موقع پر موجود رہے اور واقعے کی مکمل ریسکیو رپورٹ وزیر داخلہ اور وزیراعظم کو ارسال کر دی گئی ہے۔

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے تاکید کی کہ اس المناک واقعے کی تحقیقات اور ذمہ داران کے تعین کا عمل تیزی سے جاری ہے اور غفلت کے مرتکب عناصر کے خلاف بلا امتیاز سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے گی۔

 انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق کڑی سے کڑی سزا دی جائے گی تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات کا سدباب ہو سکے۔