وفاقی وزیر قانون کا وفاقی محتسب برائے ہراسانی کے ڈیجیٹل شکایات و مقدمات نظام، موبائل ایپ اور نئی ویب سائٹ کا افتتاح

7

اسلام آباد، 27 ( اے پی پی):  : وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسیت  کی شکایات اور مقدمات کے انتظام کو مزید مؤثر، شفاف اور شہری دوست بنانے کے لیے  موبائل ایپلی کیشن اور نئی ویب سائٹ کا باضابطہ افتتاح کردیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے وفاقی محتسب برائے ہراسانی   کے ڈیجیٹل اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال انصاف تک رسائی کو مزید آسان، شفاف اور مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن کا مقصد محض کاغذی نظام کو آن لائن منتقل کرنا نہیں بلکہ شہریوں کے لیے شکایات کے اندراج، کیسز کی پیروی اور متعلقہ معلومات تک رسائی کے پورے عمل کو زیادہ سہل اور مؤثر بنانا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ شکایات کے انتظامی نظام (سی ایم ایس)  کے ذریعے شکایات اور مقدمات کے مختلف مراحل کی بہتر نگرانی ممکن ہوگی، جس سے کیس مینجمنٹ، ادارہ جاتی کارکردگی اور جوابدہی کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ موبائل ایپلی کیشن اور نئی ویب سائٹ شہریوں کو وفاقی محتسب برائے ہراسانی   کی خدمات اور متعلقہ معلومات تک آسان رسائی فراہم کریں گی اور شکایات کے ازالے کے عمل میں سہولت پیدا ہوگی۔سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ کوئی معاشرہ آدھی آبادی کو گھر بٹھا کر ترقی نہیں کرسکتا۔ خواتین کی معاشی، سماجی اور پیشہ ورانہ شمولیت ملک کی مجموعی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دین نے خواتین کو بے پناہ حقوق دیے ہیں اور خواتین کے حقوق کے تحفظ، ان کی ترقی و ترویج اور انہیں کام کی جگہ پر محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے حکومت اقدامات کررہی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی خواتین نے ہر شعبۂ زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور انہیں محفوظ، باوقار اور سازگار ماحول فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب برائے ہراسانی کے  مؤثر اور جدید نظام خواتین کو ہراسیت سے متعلق شکایات کے ازالے اور انصاف تک رسائی کے عمل میں سہولت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے وفاقی محتسب برائے ہراسانی کے اور نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سمیت متعلقہ حکام کی جانب سے ڈیجیٹل نظام کی تیاری کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔

وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسیت مس فوزیہ وقار نے کہا کہ وفاقی محتسب برائے ہراسانی   کی جانب سے ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے کا بنیادی مقصد شہریوں کے لیے شکایات کے ازالے کے عمل کو مزید آسان، قابلِ رسائی، شفاف اور مؤثر بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شکایات کے انتظامی نظام (سی ایم ایس)  کے ذریعے شکایت کے اندراج سے لے کر کیس کے مختلف مراحل، احکامات اور حتمی فیصلے تک پورے عمل کو زیادہ منظم انداز میں مینج کیا جاسکے گا۔

وفاقی محتسب نے کہا کہ نئے ڈیجیٹل نظام سے ادارے میں ریکارڈ مینجمنٹ بہتر ہوگی، کیسز کی پیش رفت کی نگرانی میں آسانی ہوگی اور شکایت کنندگان کو اپنے معاملات کے بارے میں بروقت معلومات تک رسائی حاصل ہوگی۔