چیئرمین پی ایم  یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں کی سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف سے ملاقات

5

اسلام آباد، 28اگست ( اے پی پی): چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور نائب صدر مسلم لیگ (ن) حمزہ شہباز شریف سے ملاقات کی ہے، جس میں نوجوانوں کی تعلیم، روزگار، ہنر اور ترقی کے لیے جاری اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران رانا مشہود احمد خاں نے بتایا کہ پروگرام کے 4Es فریم ورک کے تحت نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ کے مطابق جدید مہارتیں اور پیداواری روزگار فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ ڈیجیٹل یوتھ ہب پر اب تک ساڑھے 8 لاکھ سے زائد نوجوان رجسٹر ہو چکے ہیں۔

 انہوں نے مزید بتایا کہ قومی یوتھ ایمپلائمنٹ، نیشنل ای اسپورٹس اور یوتھ پالیسی کے تحت تمام صوبوں کے نوجوانوں کو یکساں مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر حمزہ شہباز شریف نے رانا مشہود کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے تاکید کی کہ بلوچستان، خیبر پختونخوا اور دیگر دور دراز علاقوں کے نوجوانوں کو ان کی مقامی معاشی ضروریات کے مطابق برابر کے مواقع دیے جائیں۔