اسلام آباد،28 اگست (اے پی پی):قومی اسمبلی میں پمز آتشزدگی کے واقعے پر بحث کے دوران وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پارلیمان کی ذمہ داری ہے کہ وہ جوابدہی یقینی بنائے، خصوصاً ایسے معاملات میں جہاں غفلت کا عنصر موجود ہو۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں پیش آنے والے کئی سانحات کی تحقیقات برسوں سے زیر التوا ہیں، جس کے باعث عوام کی توجہ وقت گزرنے کے ساتھ واقعے سے ہٹ جاتی ہے۔ خواجہ آصف نے الزام عائد کیا کہ تحقیقات شروع ہونے کے بعد دانستہ طور پر اس کی مدت بڑھائی جاتی ہے تاکہ واقعہ لوگوں کے ذہنوں سے محو ہو جائے۔
انہوں نے کہا کہ پمز کے سانحہ کو محض وقتاً فوقتاً افسوس کے اظہار تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ اس کے بعد جوابدہی بھی ہونی چاہیے۔ خواجہ آصف نے تجویز دی کہ کمیٹی کی کارروائی کھلے عام کی جائے تاکہ عوام دیکھ سکیں کہ پارلیمان ذمہ داروں کا احتساب کر رہی ہے۔











