وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا دورہ

7

کراچی ،29 اگست ( اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا دورہ کیا ہے۔

وزیر داخلہ نے کاونٹرز پر امیگریشن پراسیس کا جائزہ لیا۔ اس دوران وہ بیرون ممالک جانے والے مسافروں سے ملے اور امیگریشن پراسیس کے بارے میں دریافت کیا۔

وزیر داخلہ کے دورے کے دوران امیگریشن سسٹم ڈاؤن ہو گیا۔ وزیر داخلہ نے موقع پر ہی متعلقہ حکام سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور امیگریشن سسٹم کی خرابی فوری دور کرنے کی ہدایت دی۔ محسن نقوی نے کہا کہ سسٹم ڈاؤن ہونے کی صورت میں متبادل انتظام کا بندوبست رکھا جائے اور امیگریشن پراسیس کسی صورت نہیں رکنا چاہیے۔

وزیر داخلہ نے جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ نامکمل اور بغیر تصدیق شدہ دستاویزات کے حامل مسافر کو کسی صورت سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔