ملتان،2ستمبر(اے پی پی): کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے بیوٹیفکیشن پروگرام کے تحت جاری برینڈ روڈ اپ گریڈیشن منصوبے کا دورہ کیا اور ڈرینج، الیکٹرک انفراسٹرکچر، لائٹنگ، گرین پیچز، فٹ پاتھ، ٹف پیور اور پارکنگ ایریا میں جاری کاموں کا جائزہ لیا۔
کمشنر عامر کریم خاں نے منصوبے کی رفتار مزید تیز کرنے، تعمیراتی کاموں میں معیار برقرار رکھنے اور منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ برینڈ روڈ منصوبے میں پہلی بار زیرِ زمین بجلی کی تنصیب کی جا رہی ہے، اس لیے تمام یوٹیلیٹی سروسز کے کام بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ نئی تعمیر شدہ شاہراہ کو دوبارہ نقصان نہ پہنچے۔
انہوں نے پارکنگ ایریا کا بھی معائنہ کیا اور شاہراہ و دیگر انفراسٹرکچر کو گاڑیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ کمشنر نے متعلقہ اداروں کو مربوط انداز میں کام کرنے کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا کہ منصوبے کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ڈی جی ایم ڈی اے راشد ارشاد نے کمشنر کو منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کی مجموعی لاگت 36 کروڑ روپے ہے جبکہ فزیکل پیش رفت 79 فیصد ہوچکی ہے۔ منصوبہ 30 اکتوبر 2026 تک مکمل کیا جائے گا۔بریفنگ کے مطابق 3700 رننگ فٹ ڈرین میں سے 3392 رننگ فٹ اور 2200 رننگ فٹ واسا لائن و کنکشنز مکمل ہوچکے ہیں۔ سیٹ بیک ایریا میں ٹف پیور کا 95 فیصد، ڈرین ایریا میں 75 فیصد جبکہ پارکنگ ایریا میں 12 فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے۔برینڈ روڈ پر 18 گرین اسٹرپس میں سے 16 کی برک ورک، 42 میں سے 38 الیکٹرک پولز کی تنصیب مکمل ہوچکی ہے۔ 40 پلانٹرز تیار جبکہ 20 میں سے 17 کینوپیز کے پولز نصب کیے جاچکے ہیں، جبکہ 40 بینچز بھی تیار ہیں۔منصوبے کے تحت 14 نئے ٹرانسفارمرز کی تنصیب کے لیے بنیادیں مکمل کرلی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ 86 بجلی کے کھمبے، 15 ٹیلی فون پولز اور 60 ٹرانسفارمرز ہٹائے جائیں گے۔ برینڈ روڈ پر 317 گاڑیوں کی پارکنگ کی گنجائش رکھی گئی ہے۔اسماعیل کارنر کا برک ورک، پلستر، فریم اور فلور ٹائل کا کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ فنشنگ کا کام جاری ہے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مبشر الرحمان، ایڈیشنل ڈی جی ایم ڈی اے عطاء الرحمن، رانا وسیم اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔











