اسلام آباد، 02 ستمبر ( اے پی پی): پاکستان میں جمہوریہ کوریا کے نئے تعینات ہونے والے سفیر ہان سنگ ہو نے اسلام آباد میں وزیرِ مملکت و وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے ڈیجیٹل میڈیا فہد ہارون سے ملاقات کی۔
فہد ہارون نے کوریا کے سفیر کو سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کی تعیّناتی سے دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ ملاقات کے دوران فریقین نے میڈیا اور ڈیجیٹل میڈیا کے شعبوں میں نئی پیش رفت، عالمی رجحانات اور جدید ذرائع ابلاغ کو درپیش چیلنجز پر تفصیل سے تبادلۂ خیال کیا۔
اس موقع پر کوریا کہ سفیر نے پاکستان میں ڈیجیٹل میڈیا کے فروغ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے ٹیکنالوجی، معلومات اور جدید مواصلات کی مہارتوں کے باہمی تبادلے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔











