پاکستانی معیشت میں مثبت پیش رفت، عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے، وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب

7

اسلام آباد، 03ستمبر(اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستانی معیشت میں مثبت پیش رفت جاری ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کی معیشت پر اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے زیر اہتمام ٹیکس نظام اور مالیاتی پائیداری سے متعلق اعلیٰ سطحی بین الاقوامی مکالمے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت مالیاتی نظم و ضبط، معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے اصلاحات پر توجہ دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مالیاتی استحکام کے سفر میں ایف بی آر اصلاحات اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ ادارے میں افرادی قوت، طریقہ کار اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بہتری لائی جا رہی ہے تاکہ ٹیکس نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ٹیکنالوجی ایف بی آر کی جدید کاری میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، جبکہ ڈیجیٹلائزیشن اور جدید نظام کے ذریعے کاروباری برادری کے لیے سہولت پیدا کرنے اور ٹیکس انتظامی امور کو بہتر بنانے پر کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد ایسا ٹیکس نظام تشکیل دینا ہے جو شفاف، مؤثر اور پائیدار ہو اور ملکی معیشت کی ترقی میں معاون ثابت ہو۔