مظفرآباد ،6 ستمبر ( اے پی پی): یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر مظفرآباد نڑول اسٹیڈیم میں دفاعی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔
قائم مقام صدر آزاد کشمیر طارق فاروق اور وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے دفاعی نمائش کا افتتاح کیا اور مختلف سٹالز کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان اور جنرل آفیسر کمانڈنگ چنار ڈویژن بھی موجود تھے۔
قائمقام صدر اور وزیراعظم آزادکشمیر نے پاک فوج، پاک فضائیہ، پاک بحریہ، بوائز سکاؤٹس اور پولیس کے سٹالز کا دورہ کیا۔ انہوں نے ریسکیو 1122، ایس سی او، سول ڈیفنس اور ایس ڈی ایم اے کے سٹالز کا بھی معائنہ کیا۔
نمائش میں سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ثقافتی سٹالز بھی شامل تھے۔ دفاعی نمائش میں ملی نغمے، ثقافتی گیت اور روایتی کھیل پیش کیے گئے۔
اس موقع پر ریسکیو 1122 کے جوانوں نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے عملی مشق کا مظاہرہ بھی کیا۔
نمائش میں سیاحت، جنگلات، زراعت، ٹیوٹا اور منرل ریسورسز کے سٹالز بھی لگائے گئے تھے۔











