راولپنڈی ،08ستمبر (اے پی پی):ستمبر 1965 کی جنگ کے آٹھویں روز بھارت کی جانب سے شہری آبادیوں کو نشانہ بنانے کی بزدلانہ کوش کا پاک فوج، بحریہ اور فضائیہ نے کامیاب جواب دیتے ہوئے دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا۔
بھارتی فضائیہ نے سخت مایوسی کے عالم میں پاکستان کی غیر فوجی تنصیبات پر حملہ کر دیا۔ وزیر آباد، چنیوٹ اور سرگودھا کی شہری آبادی کے ساتھ سیالکوٹ کے ہسپتال اور ضلعی عدالتیں بھی بھارتی فضائیہ کے نشانے پر تھیں۔
پاک فوج نے بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی فوجیوں کو لاہور اور سیالکوٹ کے علاقوں سے مار بھگایا۔ پاک فوج نے سیالکوٹ کے علاقے میں 21 بھارتی ٹینک ناکارہ بنا دیے۔جوانوں کی جانب سے بھارتی فوجی ساز و سامان قبضے میں لینے کے علاوہ *بڑی تعداد میں پاکستانی عوام اپنی افواج کی حوصلہ افزائی کے لیے گھروں سے نکل آئے۔
بھارتی فوج کو پاک فوج کے ہاتھوں بھاری نقصان اٹھانا پڑا جبکہ سرینگر اور کارگل کے درمیان 3 میل لمبی سڑک تباہ کر دی گئی۔ پاکستان نیوی نے کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 12 گھنٹے کے آپریشن کے بعد دوار کا مضبوط بحری اڈہ اور ریڈار سٹیشن راکھ کا ڈھیر بنا دیا۔
پاک فضائیہ نے لدھیانہ کے قریب ہلواڑہ کے مقام پر بھارتی فضائیہ کے اڈوں پر زبردست حملہ کیا۔ اس کارروائی میں 36 گھنٹوں کے اندر بھارتی فضائیہ کے 70 سے زائد طیارے تباہ کر دیے گئے۔











