ملتان :ڈی سی ڈاکٹر فیصل سلیم کا پیرا فورس کو عوامی خدمت اور مؤثر فیلڈ ایکشن کا ٹاسک

6

ملتان، 8 ستمبر (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے پیرا فورس کو عوامی خدمت اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے فیلڈ ایکشن مزید مؤثر بنانے کا ٹاسک دے دیا۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ زہرہ نور، اسسٹنٹ کمشنر سٹی ازکیٰ سحر سمیت دیگر ضلعی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ پیرا فورس پرائس کنٹرول، تجاوزات کے خلاف آپریشن اور سرکاری و نجی اراضی سے قبضہ جات واگزار کرانے کی مہمات مزید تیز کرے۔ انہوں نے فیلڈ میں کڑی انسپکشن کے لیے مؤثر مانیٹرنگ اور چیکنگ میکنزم تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے افسران فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں اور کارروائیوں کے نتائج کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پیرا فورس کے ڈسپلن، میرٹ، شفافیت اور گڈ گورننس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ عوام کو ریلیف کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔