لاہور،08 ستمبر ( اے پی پی ) : محکمہ لٹریسی پنجاب کے زیراہتمام عالمی یومِ خواندگی کے حوالے سے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں ایم پی اے و چیئرپرسن سٹینڈنگ کمیٹی برائے لٹریسی ماریہ طلال، پارلیمانی سیکرٹری برائے لٹریسی چوہدری نوید اشرف اور یونیوسیف و جائیکا کے نمائندگان نے خواندگی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے آؤٹ آف سکول بچوں کو تعلیمی دھارے میں شامل کرنے کے لیے لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کی کاوشوں کو سراہا اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ و طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت تعلیم کے فروغ اور آؤٹ آف سکول بچوں کو تعلیمی دھارے میں لانے کے لیے عملی اقدامات کرتے ہوئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آؤٹ آف سکول بچوں کی خواندگی کیلئے کام کرنا ایک بڑا چیلنج ہے، محکمہ لٹریسی اس چیلنج سے مؤثر انداز میں نمٹ رہا ہے۔ سیکرٹری لٹریسی سید حیدر اقبال کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کے خصوصی ویژن کے تحت محکمہ خواندگی میں مختلف نئے پروگرامز اور اقدامات شروع کیے گئے ہیں۔ پنجاب بھر میں اس وقت 21 ہزار سے زائد نان فارمل سکولز قائم ہیں، جہاں 7 لاکھ کے قریب ایسے بچوں کو تعلیمی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں جو مختلف وجوہات کی بنا پر رسمی سکولوں میں تعلیم حاصل نہیں کر پاتے۔ اس موقع پر پنجاب میں شرحِ خواندگی میں اضافے اور آؤٹ آف سکول بچوں کو تعلیمی دھارے میں لانے کے لیے کوششوں کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔











