لبنان کے وزیر داخلہ کا پاکستان مونومنٹ اور اسلام آباد پولیس لائنز کا دورہ

8

اسلام آباد، 14 ستمبر (اے پی پی): لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پاکستان مونومنٹ اور اسلام آباد پولیس لائنز کا دورہ کیا۔

پاکستان مونومنٹ آمد پر فیڈرل کانسٹیبلری کے چاق و چوبند دستے نے لبنان کے وزیر داخلہ کو پروقار سلامی پیش کی۔ انہوں نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر معزز مہمان کو پاکستان مونومنٹ کی تاریخی و قومی اہمیت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے پاکستان مونومنٹ اور یادگارِ شہداء کی خوبصورت طرزِ تعمیر اور تاریخی اہمیت کو سراہا۔

بعد ازاں اسلام آباد پولیس لائنز میں لبنان کے وزیر داخلہ کے اعزاز میں خصوصی پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ اسلام آباد پولیس کے دستے نے انہیں شاندار سلامی پیش کی، جبکہ اس دوران پاکستان اور لبنان کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔

لبنان کے وزیر داخلہ نے پریڈ کا معائنہ کیا اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور نظم و ضبط کی تعریف کی۔ انہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس اہلکاروں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔

اس موقع پر آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری ریاض نذیر گاڑا، آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی، ڈی آئی جیز اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔