وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے اپ گریڈڈ آڈیٹوریم کا افتتاح کر دیا

4

راولپنڈی 14 ستمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں تزئین و آرائش کے بعد جدید سہولیات سے آراستہ آڈیٹوریم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے، جس کی اپ گریڈیشن کا کام وفاقی وزیر کی خصوصی دلچسپی اور تعاون سے ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا۔

اس موقع پر افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومیت اور لسانیت سے بالاتر ہو کر سب کو “پاکستان فرسٹ” کی پالیسی پر متحد ہونا ہوگا، کیونکہ عوام کی خدمت اور قوم کا مفاد ہی کسی سیاسی کارکن کا حقیقی اثاثہ ہوتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ عوام کے ٹیکسوں سے بننے والے منصوبے کسی کی ذاتی ملکیت نہیں ہوتے، اسی لیے حکومت نے سرکاری اور تعلیمی اداروں کے منصوبوں کو ذاتی ناموں سے منسوب کرنے کے بجائے قومی ہیروز کے ناموں سے جوڑنے کی نئی روایت قائم کی ہے۔

قومی سلامتی اور خطے کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے اور بھارت سمیت کوئی بھی ملک اسے میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔

انہوں نے افغانستان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت دہشت گردوں کا بیس کیمپ بن چکا ہے، تاہم دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو اب کہیں پناہ نہیں ملے گی اور پاکستان کو شام، لیبیا یا عراق بنانے کی خواہش رکھنے والے عناصر اپنے عزائم میں مکمل ناکام ہوں گے۔

حنیف عباسی نے وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی میں بالخصوص صحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں اسٹیٹ آف دی آرٹ منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں، جن کے معیار پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا گیا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ راولپنڈی کڈنی ہسپتال میں دو کامیاب لیور ٹرانسپلانٹ ہو چکے ہیں جس کے بعد شہریوں کو علاج کے لیے چین یا بھارت جانے کی ضرورت نہیں رہی، جبکہ شہر میں 300، 300 بستروں کے دو ہسپتال مکمل ہو چکے ہیں اور 400 بستروں پر مشتمل چلڈرن ہسپتال جون 2027ء سے قبل فعال کر دیا جائے گا۔

اس کے علاوہ ٹرانسپورٹ کی سہولیات میں اضافے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے فراہم کردہ مزید 50 بسیں بھی بہت جلد راولپنڈی کی سڑکوں پر رواں دواں نظر آئیں گی۔