شدید بارشیں: چیئرمین سی ڈی اے کا ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور ریسکیو 1122 ہیڈکوارٹرز کا دورہ، تیاریوں کا جائزہ

7

اسلام آباد، 15 ستمبر (اے پی پی): وفاقی دارالحکومت میں شدید بارش کے دوران چیئرمین سی ڈی اے نے ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور ریسکیو 1122 کے ہیڈکوارٹرز کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اداروں کی تیاریوں، دستیاب وسائل اور رسپانس میکنزم کا تفصیلی جائزہ لیا۔

دورے کے دوران چیئرمین سی ڈی اے نے ممکنہ ہنگامی صورتحال اور کسی بھی ناگہانی حادثے سے بروقت نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ ٹیموں کو ہر وقت مکمل طور پر الرٹ رہنے کی سخت ہدایت کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ریسکیو آپریشنز میں وقت کے ضیاع سے بچنے اور متاثرہ افراد تک فوری رسائی کے لیے ایک مؤثر اور مربوط ایمرجنسی رسپانس سسٹم وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال، ممکنہ سیلابی ریلوں، شدید بارش یا عمارتوں کو پہنچنے والے نقصان سے نمٹنے کے لیے ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر متحرک ہوں تاکہ بروقت کارروائی کے ذریعے قیمتی انسانی جانوں اور املاک کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ اس موقع پر ٹیموں کی استعدادِ کار، مشینری، ریسکیو آلات اور فیلڈ رسپانس کی تیاریوں کا باریک بینی سے معائنہ کیا گیا، جبکہ مختلف متعلقہ اداروں کے درمیان فوری رابطہ اور مربوط کارروائی کو مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔

چیئرمین سی ڈی اے کا عزم تھا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور ہر ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس سی ڈی اے کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔