اسلام آباد 16 ستمبر (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت خلیج کی صورتحال کے پیش نظر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے کم آمدنی اور متوسط طبقے کو ریلیف کی فراہمی کے لیے ‘پی ایم اسپیشل ریلیف اسکیم’ کی پیش رفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق باجوہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عوام کے لیے سبسڈی کے آسان حصول کی خاطر انتظامیہ، رضاکاروں اور پیٹرول پمپ کے عملے پر مشتمل سہولت ڈیسک قائم کیے جائیں تاکہ مستحق شہریوں کی رجسٹریشن اور دیگر مراحل میں مکمل رہنمائی کی جا سکے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو عوامی آگاہی کے لیے مکمل طور پر متحرک رہنے کی بھی تاکید کی۔اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔
اسلام آباد میں پائلٹ پروجیکٹ کے کامیاب افتتاح کے بعد اب اس کا دائرہ کار پورے ملک بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان تک پھیلا دیا گیا ہے۔ اسکیم کو انتہائی آسان فہم بنایا گیا ہے جس میں رجسٹریشن کے لیے صرف چار معلومات—شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا نمبر، رجسٹریشن کا صوبہ اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ—درکار ہیں۔ اسکیم کی مکمل تفصیلات اردو ویب سائٹ (www.pmfuelrelief.pk) پر دستیاب ہیں اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے کامیاب رجسٹریشنز کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔











