اسلام آباد، 16 ستمبر ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں اور کاروباری افراد کی مالی معاونت کے لیے سمیڈا کے اقدامات پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملک کے طول و عرض میں چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں اور کاروباری حضرات کی مالی معاونت کے لیے سمیڈا جامع حکمت عملی وضع کرے۔ سمیڈا کے ادارہ جاتی مقصد میں ملک کے تمام علاقوں میں کاروباری ترغیب اور مساوی سہولیات اور یکساں فنی معاونت سرفہرست ہونا چاہیے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں اور کاروبار میں خواتین کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے سمیڈا کے جاری پروگرام کو مزید وسعت دی جائے۔ مقامی کاروباری افراد کی قومی اور عالمی سطح پر تجارتی منڈیوں تک رسائی کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو موثر طریقے سے استعمال کیا جائے۔ سمیڈا کی کاروبار کے فروغ کی حکمت عملی میں زیادہ سے زیادہ علاقوں اور شعبہ جات کو شامل کیا جائے۔ زرعی اجناس کی پیداواری اور تجارتی روابط کو منظم کرنے کے لیے سمیڈا خصوصی اقدامات پر مشتمل حکمت عملی تیار کرے۔
وزیراعظم نے کہا کہ کاروباری افراد کی مالی معاونت، فنی استعداد کار میں اضافہ اور سہولیات کی فراہمی پر یکساں توجہ دی جائے۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی تقویت اور کاروباری افراد کی معاونت کے لیے ہر سطح پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ چھوٹے کاروبار سے منسلک صنعتی پیداوار کی برآمدات میں اضافے اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے دنیا کے بہترین رائج اطوار پر کام کیا جا رہا ہے۔ سمیڈا مختلف متعلقہ اداروں کے ساتھ باہمی تعاون سے مربوط اور جامع حکمت عملی پر کام کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے سمیڈا کو کاروباری حضرات کی مالی امداد، پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافہ اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے جامع حکمت عملی مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔











