ازبکستان کے میڈیا وفد کا اسلام آباد میں وزارتِ خارجہ اور مختلف نیوز چینلز کا دورہ

3

اسلام آباد (اے پی پی): پاکستان کے 8 روزہ دورے پر آئے ہوئے ازبکستان کے 9 رکنی صحافتی وفد نے بدھ  کو   وزارتِ خارجہ، پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) اور مختلف نجی نیوز چینلز کا دورہ کیا۔ دورے کے دوسرے روز وفد کی وزارتِ خارجہ میں ڈائریکٹر جنرل سینٹرل ایشیا حسن علی ضیغم اور دیگر سینئر حکام سے ملاقات ہوئی، جس میں علاقائی صورتحال، پاک ازبک دوطرفہ تعلقات اور تجارتی و اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈی جی سینٹرل ایشیا نے دونوں ممالک کے تعلقات کی استواری میں میڈیا کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے اس دورے کو عوامی و ثقافتی روابط کی مضبوطی کا ذریعہ قرار دیا۔ اس سے قبل وفد نے پاکستان مونیومنٹ اور فیصل مسجد کا بھی دورہ کیا، جبکہ بعد ازاں پی ٹی وی، سما نیوز اور ہم نیوز کے نیوز رومز اور نشریاتی شعبوں کا معائنہ کر کے پاکستان کی الیکٹرانک میڈیا انڈسٹری کا جائزہ لیا۔

 ازبک میڈیا وفد اپنے دورے کے اگلے مرحلے میں تاریخی و ثقافتی مقامات کی سیر کے لیے لاہور روانہ ہوگا۔