وزیرِ اعظم نے ملک گیر سادگی و کفایت شعاری مہم کی منظوری دے دی، سرکاری ایندھن میں 50 فیصد کمی اور غیر ملکی دوروں پر پابندی عائد

4

اسلام آباد، 17 ستمبر (اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اور عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیشِ نظر ملک بھر میں سادگی اور کفایت شعاری مہم کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ اسلام آباد میں وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس کے دوران حکومتی اخراجات میں کمی اور ایندھن کے تحفظ کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔ فیصلوں کے مطابق تمام سرکاری گاڑیوں کے ایندھن میں اگلے تین ماہ کے لیے 50 فیصد کمی کی منظوری دی گئی ہے، تاہم ایمبولینس، فائر بریگیڈ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گاڑیاں اس سے مستثنیٰ ہوں گی۔

اس کے علاوہ غیر ملکی دوروں پر تین ماہ کی پابندی، نئی گاڑیوں اور پائیدار اشیاء کی خریداری پر مکمل بین، اور مالی سال 2026-27 کے نان ای آر ای بجٹ میں 5 فیصد کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ناگزیر بیرونِ ملک سفر کی صورت میں وزراء اور افسران اکانومی کلاس میں سفر کریں گے۔

توانائی کے تحفظ کے لیے کاروباری اوقات کا جدول بھی جاری کیا گیا ہے جس کے تحت مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 9 بجے، شادی ہالز 10 بجے اور ریستوران رات 11 بجے بند ہوں گے، جبکہ فارمیسی، ہسپتال، جم اور کال سینٹرز کو استثنا حاصل ہوگا۔

 وزیرِ اعظم نے واضح کیا کہ معاشی قربانی کا آغاز حکومت اور اشرافیہ سے کیا جا رہا ہے جبکہ موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی گاڑیوں کے لیے 100 روپے فی لیٹر سبسڈی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ مہم پر بلاامتیاز عملدرآمد اور ہفتہ وار رپورٹ پیش کرنے کے لیے ایک نگرانی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔