فیول ریلیف سکیم: موٹر سائیکل اور 800 سی سی گاڑیوں کیلئے سستے پٹرول کی فراہمی جاری، ڈیلرز کے تحفظات دور، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

8

اسلام آباد، 18 ستمبر(اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ امریکا ایران جنگ کے بعد پوری دنیا مشکلات کا شکار ہوئی ہے، حکومت نے اس صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے موٹر سائیکل، چنگچی اور 800 سی سی گاڑیوں کے مالکان کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے ہیں، فیول ریلیف سکیم کے حوالے سے کسی بھی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں ہے، مسلح جتھوں کے ہمراہ اسلام آباد پر چڑھائی کی کوشش کی گئی تو قانون حرکت میں آئے گا۔

 جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں حکومت نے عوام کو ریلیف پہنچانے کیلئے اہم فیصلے کئے ہیں کیونکہ امریکا ایران جنگ کے باعث ہمارا خطہ بھی بری طرح متاثر ہوا ہے، عالمی حالات کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، اس مشکل صورتحال میں وزیراعظم کی طرف سے فیول ریلیف سکیم کا اعلان کیا گیا جس کے تحت موٹر سائیکل سواروں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو سستا پٹرول فراہم کیا جا رہا ہے، سکیم میں اندراج کیلئے عوام کیلئے ایس ایم ایس بھی مفت کر دیا گیا ہے، فیول ریلیف سکیم کے حوالہ سے کسی بھی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں ہے، فیول پر ٹارگٹڈ سبسڈی دی جا رہی ہے، موٹر سائیکل، چنگچی رکھنے والے سبسڈی کے زیادہ حقدار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم ڈیلرز کے خدشات اور تحفظات کو بھی دور کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں کفایت شعاری کے حوالے سے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں، عوام کی طرف سے وزیراعظم فیول ریلیف سکیم کو سراہا جا رہا ہے۔

 ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسلح جتھوں کے ہمراہ اسلام آباد پر چڑھائی کی کوشش کی گئی تو قانون حرکت میں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ  پی ٹی آئی کا کوئی بھی مارچ کبھی پرامن نہیں رہا، مارچ پرتشدد ہونے پر کہا جاتا ہے کہ ان لوگوں کا ہم سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ دارالحکومت کی حرمت برقرار رکھی جانی چاہئے۔