بزرگانِ دین نے برصغیر میں اسلام کے فروغ اور امن و محبت کے پیغام کو عام کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا، ڈاکٹر احسان بھٹہ

4

لاہور،18ستمبر:( اے پی پی ):   سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ بزرگانِ دین اور صوفیاء کرام نے برصغیر میں اسلام کی تبلیغ و اشاعت اور دینی و روحانی اقدار کے فروغ کے  ساتھ امن، محبت، رواداری، اخوت اور انسانیت کا پیغام عام کرنے میں کلیدی اور گراں قدر کردار ادا کیا، ان کی تعلیمات آج بھی معاشرے کی فکری، اخلاقی اور روحانی رہنمائی کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات اور وژن کے مطابق صوفیاء کرام اور بزرگانِ دین کی اسلام کے لیے گراں قدر خدمات، ان کی حیات، تعلیمات اور تاریخی ورثے کو عوام بالخصوص نوجوان نسل کے سامنے اجاگر کرنے کے لیے بھرپور اقدامات جاری ہیں، جبکہ محکمہ اوقاف پنجاب اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے بزرگانِ دین کے پیغام، تعلیمات اور خدمات کو جدید اور مؤثر انداز میں عوام تک پہنچانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہا ہے۔ سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ نے ان خیالات کا اظہار قصور میں صوفی شاعر و بزرگ حضرت بابا بلھے شاہؒ کے مزار پر حاضری کے موقع پر کیا، جہاں انہوں نے سب سے پہلے مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی، بعد ازاں حضرت بابا بلھے شاہؒ کی حیات، تاریخ، فکر اور دینی و روحانی خدمات پر مشتمل ”بابا بلھے شاہ لائبریری و گیلری“ کا باقاعدہ افتتاح کیا اور وہاں آویزاں تاریخی تصاویر، مواد اور دیگر ریکارڈ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر احسان بھٹہ نے لائبریری و گیلری کے قیام میں سابق ڈائریکٹر آرکیالوجی محمد حسن اور مبین الرحمن کی خصوصی کاوشوں اور خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان دونوں شخصیات کی گراں قدر محنت اور خصوصی کوششوں سے یہ تاریخی لائبریری و گیلری قائم ہوئی، جو حضرت بابا بلھے شاہؒ کی زندگی، فکر اور روحانی ورثے کو محفوظ کرنے اور نئی نسل تک منتقل کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد عوام اور نوجوان نسل کو حضرت بابا بلھے شاہؒ سمیت بزرگانِ دین کی حیات، فکری و روحانی خدمات اور امن و محبت کے آفاقی پیغام سے جدید و مؤثر انداز میں روشناس کرانا ہے تاکہ برصغیر میں اسلام کے فروغ، دینی اقدار کی ترویج اور معاشرے میں محبت و رواداری کے قیام کے لیے بزرگانِ دین کی گراں قدر کاوشوں سے نئی نسل آگاہ ہو سکے۔ دورے کے دوران ڈاکٹر احسان بھٹہ نے قرآن محل کے لیے مختص جگہ کا بھی معائنہ کیا اور ڈپٹی کمشنر قصور کو ہدایت کی کہ پرانے اوراقِ قرآنِ پاک کو بااحترام طریقے سے محفوظ رکھنے، مناسب اسٹوریج اور بعد ازاں شرعی تقاضوں کے مطابق ری سائیکلنگ کے لیے کسی مناسب ہال کی نشاندہی اور اسے مختص کرنے کے اقدامات کیے جائیں، تاکہ مقدس اوراق کو باقاعدہ، محفوظ اور باوقار طریقے سے سنبھالا جا سکے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر خالد وٹو، ڈائریکٹر پراجیکٹس اوقاف پنجاب رفیق نور وٹو، محکمہ اوقاف کے افسران، ضلعی و مقامی انتظامیہ کے حکام اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔