میڈیکل انٹری ٹیسٹ کے انعقاد کے لیے انتظامات حتمی، 6 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات شریک ہوں گے،کمشنر عامر کریم خاں

7

ملتان,19 ستمبر )اے پی پی ):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ میڈیکل انٹری ٹیسٹ کے پرامن اور منظم انعقاد کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، طلبہ و طالبات کو امتحانی مراکز پر بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ویمن یونیورسٹی ملتان کے دورے کے دوران میڈیکل انٹری ٹیسٹ کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر شاہد جوئیہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ امتحانی مراکز پر سیکیورٹی، پارکنگ، پینے کے صاف پانی اور سایہ دار انتظار گاہوں سمیت تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام میڈیکل انٹری ٹیسٹ 20 ستمبر 2026ء کو منعقد ہوگا، جس میں 6 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات شرکت کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد کے پیش نظر ملتان کی پانچ یونیورسٹیوں میں امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں ویمن یونیورسٹی ملتان، ملتان یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، یونیورسٹی آف سدرن پنجاب، ٹائمز یونیورسٹی اور نواز شریف یونیورسٹی آف ایگریکلچر شامل ہیں۔کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام امتحانی مراکز پر واک تھرو گیٹس نصب کیے جائیں اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں۔ والدین اور طلبہ کے لیے سایہ دار انتظار گاہوں اور پینے کے صاف پانی کا مناسب انتظام بھی کیا جائے۔ انہوں نے ٹریفک پولیس کو امتحانی مراکز کے اندرونی و بیرونی راستوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے جامع ٹریفک پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی۔عامر کریم خاں نے مزید ہدایت کی کہ تمام مراکز پر میڈیکل کیمپس اور ایمبولینس سروس بھی دستیاب رکھی جائے جبکہ امتحانی مراکز کے باہر سخت سیکیورٹی اور اندر مکمل نظم و ضبط یقینی بنایا جائے تاکہ میڈیکل انٹری ٹیسٹ پرامن، شفاف اور منظم انداز میں منعقد ہو سکے۔