سکھر ،21 ستمبر(اے پی پی) ہندو پنچایت چیریٹیبل ہسپتال سکھر میں ستگرو بابا شو بجن کی 92ویں سالگرہ کے موقع پر الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال کے تعاون سے ایک روزہ مفت آئی کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں مریضوں کا مفت معائنہ کیا گیا۔
کیمپ کے دوران مریضوں کو مفت طبی معائنے کے ساتھ ادویات اور چشمے بھی فراہم کیے گئے۔ منتظمین کے مطابق کیمپ میں آنے والے مریضوں کی او پی ڈی تقریباً 500 تک پہنچ گئی، جہاں ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں کا معائنہ کرکے انہیں ضروری طبی مشورے فراہم کیے۔
الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال کی جانب سے ڈاکٹر اوم پرکاش، ڈاکٹر آغا شاہجہان اور ڈاکٹر عقیل احمد نے کیمپ میں خدمات انجام دیں۔ کیمپ کے آرگنائزرز میں ڈاکٹر اشوک کمار اور امانڈا منڈل شامل تھے۔
اس موقع پر کیمپ میں آنے والے مریضوں اور ان کے ساتھ موجود افراد کے لیے ایک وقت کے لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا۔ منتظمین نے کہا کہ مفت آئی کیمپ کا مقصد مستحق افراد کو ان کی دہلیز پر آنکھوں کے علاج اور ضروری سہولیات فراہم کرنا ہے۔











