جہلم: وزیراعظم فیول ریلیف سکیم پر عملدرآمد کے حوالے سے جائزہ اجلاس، عوام کو سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کا جائزہ

8

جہلم،22 ستمبر(اے پی پی): وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت ضلع جہلم میں وزیراعظم فیول ریلیف سکیم پر عمل درآمد کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں جہلم، سوہاوہ اور دینہ کے شہری و دیہی علاقوں کے پٹرول پمپس پر رجسٹریشن کیمپس کے قیام اور عوام کو سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے فوکل پرسنز باہمی اشتراک سے رجسٹریشن کیمپس میں عوام کو سہولیات فراہم کریں گے جبکہ ہر یونین کونسل کی سطح پر مسلم لیگ (ن) کے مقامی عہدیدار رجسٹریشن کے عمل میں انتظامیہ کی معاونت کریں گے۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ہر پٹرول پمپ پر فیول ریلیف ٹوکن کے اجرا اور پٹرول کی فراہمی کے عمل کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ بدھ اور جمعرات کو جہلم، سوہاوہ اور دینہ کے شہری و دیہی علاقوں کے پٹرول پمپس کا خود دورہ کریں گے اور وزیراعظم فیول ریلیف رجسٹریشن کیمپس اور شہریوں کو رعایتی نرخوں پر پٹرول کی فراہمی کے عمل کا معائنہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ چنگ چی، رکشوں، موٹر سائیکلوں اور آٹھ سو سی سی تک کی گاڑیوں کو رعایتی نرخوں پر پٹرول کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ موٹر سائیکل، چنگ چی اور رکشوں کے لیے ہر ہفتے پانچ سو روپے کا ٹوکن جاری کیا جا رہا ہے، جبکہ چھ سو روپے کا پٹرول ڈلوانے پر صرف ایک سو روپے ادا کرنا ہوں گے۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ آٹھ سو سی سی گاڑی رکھنے والے افراد کو ہر ماہ تین ہزار روپے کی سبسڈی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جہلم میں چنگ چی ایسوسی ایشن کو بھی وزیراعظم فیول ریلیف سکیم کا حصہ بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے موٹر سائیکل، چنگ چی، رکشے اور چھوٹی گاڑیوں والے عام لوگوں کو رعایتی قیمت پر پٹرول کی فراہمی کا آغاز کیا ہے، جس سے مستحق شہریوں کو سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

اجلاس میں جہلم، سوہاوہ اور دینہ میں رعایتی پٹرول کی فراہمی کے لیے رجسٹریشن کے عمل پر بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن، اے ڈی سی جی، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر حکام نے وزیراعظم فیول ریلیف سکیم پر عمل درآمد کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کیا۔

اجلاس میں پٹرول پمپس پر ایندھن کی دستیابی، عوام کو وزیراعظم فیول ریلیف سکیم کے تحت رعایتی پٹرول کی فراہمی اور سکیم کے بارے میں عوام کو آگاہ کرنے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع جہلم کے تمام پٹرول پمپس پر رجسٹریشن کا عمل شروع ہو چکا ہے، جبکہ ہر تحصیل کی سطح پر شکایات مراکز قائم اور فوکل پرسنز مقرر کر دیے گئے ہیں۔

اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی اور پٹرول پمپس پر رجسٹریشن کے لیے فوکل پرسنز کی ذمہ داریاں تفویض کی گئیں۔