پاکستان اور چین ہمہ موسمی دوستی مزید مستحکم بنانے اور دوطرفہ تعاون کو نئی وسعت دینے کے لیے پرعزم، سفیر جیانگ زائی ڈونگ

5

اسلام آباد 22ستمبر(اے پی پی): پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین اپنی ہمہ موسمی دوستی کو مزید مستحکم بنانے اور جدیدیت، معاشی ترقی اور تزویراتی تعاون کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو نئی وسعت دینے کے لیے پرعزم ہیں، دونوں ممالک کے درمیان ترقیاتی اور عوامی روابط مزید مضبوط بنائے جائیں گے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار چینی برادری کی جانب سے قومی دن اور وسط خزاں کے تہوار کی مناسبت سے منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سفیر نے کہا کہ چین اپنی جدیدیت کے ثمرات دنیا کے ساتھ بانٹنے کا سلسلہ جاری رکھے گا، پاکستان کو مزید فوائد پہنچائے گا اور نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے لیے مزید قریبی چین پاکستان برادری کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرے گا۔

جیانگ زائی ڈونگ نے کہا کہ پاکستان میں مقیم چینی برادری چین کا قابل اعتماد، محبت کرنے والا اور باوقار تشخص اجاگر کرنے کے ساتھ پاک چین دوستی کی سماجی بنیاد کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ چینی شہری پاکستان میں مقامی برادریوں کے ساتھ ہم آہنگی سے رہتے ہوئے فلاحی سرگرمیوں، اقتصادی و تجارتی روابط اور ثقافتی تبادلوں کے فروغ میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چینی سرمایہ کاری سے وابستہ اداروں کے ملازمین پاک چین عملی تعاون کا اہم ستون ہیں جو وطن سے دور رہ کر اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دے رہے ہیں اور پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبوں کی اعلیٰ معیار کی ترقی میں معاونت کر رہے ہیں۔ ان کی کاوشوں سے مقامی معاشی سرگرمیوں اور عوام کے معیار زندگی میں بہتری کے ساتھ دونوں ممالک کی ہمہ موسمی دوستی کی بنیاد مزید مستحکم ہوئی ہے۔

چینی سفیر نے کہا کہ چین اور پاکستان باہمی تعاون کی استعداد سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کے عوام کے لیے مزید باہمی مفاد کے نتائج حاصل کریں گے۔ انہوں نے چینی شہریوں پر زور دیا کہ وہ سلامتی کے اصولوں کی سختی سے پاسداری، اپنے قول و فعل میں ذمہ داری اور چین کے مثبت تشخص کو برقرار رکھتے ہوئے قومی ترقی میں اپنا کردار جاری رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چینی برادری چین اور پاکستان کے درمیان دوستی اور تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے عوامی رابطوں کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔جیانگ زائی ڈونگ نے کہا کہ چینی برادری کے ساتھ قومی دن اور وسط خزاں کے تہوار کی خوشیاں منانے کا یہ موقع دونوں ممالک کے عوام کے درمیان قریبی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں مقیم تمام چینی شہریوں، چینی سرمایہ کاری سے وابستہ اداروں کے ملازمین، میڈیا نمائندگان اور طلبہ کو تہوار کی مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے چین کی معاشی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال پندرہویں پانچ سالہ منصوبے کا آغاز مضبوط پیش رفت کے ساتھ ہوا ہے۔ چین کی صنعتی پیداوار، اعلیٰ ٹیکنالوجی، جدید مینوفیکچرنگ اور بیرونی تجارت میں مسلسل ترقی ہو رہی ہے جبکہ چین عالمی منڈی میں ایک بڑے اقتصادی مرکز کے طور پر دنیا کی ترقی کے لیے نئے مواقع پیدا کر رہا ہے۔

چینی سفیر نے کہا کہ چینی معیشت مستحکم پیش رفت، معیار میں بہتری اور ساختی ترقی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چینی سفارتخانہ اور قونصل خانے عوامی خدمت کے جذبے کے تحت تمام چینی شہریوں کو بھرپور خدمات اور معاونت فراہم کرتے رہیں گے۔