نائب وزیراعظم  کی ریجنل فور کے وزارتی اجلاس میں شرکت،  فلسطینی ریاست  کے قیام کے حق کی حمایت کا اعادہ 

8

نیویارک ،22ستمبر  (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر ریجنل فور کے وزارتی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں ترکیہ ،سعودی عرب اور مصر کے وزرا  خارجہ نے بھی شرکت کی۔

 نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے ریجنل فور فریم ورک کے ساتھ پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کرتے ہوئے علاقائی امن و خوشحالی کے فروغ کیلئے مسلسل رابطے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے خطے کی تازہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور صورتحال کے پرامن حل کیلئے کی جانے والی کوششوں کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔

 وزرا  نے فلسطینی عوام کے جائز حقوق بشمول خودمختاری کے ان کے ناقابل تنسیخ حق اور 4 جون 1967ء کے خطوط کی بنیاد پر  القدس الشریف دارالحکومت کے ساتھ ایک آزاد ، خودمختار، قابل عمل اور متصل ریاست فلسطین کے قیام کے حق کی حمایت کا اعادہ کیا جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہے۔