اسلام آباد، 22 ستمبر(اے پی پی ): وزارتِ امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران میں وفاقی سیکریٹری علی طاہر کی زیرِ صدارت 27 اکتوبر کو یومِ سیاہ منانے کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں مختلف وفاقی وزارتوں، صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے نمائندوں نے شرکت کی۔ آل پارٹیز حریت کانفرنس کے نمائندے بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس کا مقصد 27 اکتوبر کو یومِ سیاہ منانے کے انتظامات کا جائزہ لینا تھا، تاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے۔
اس موقع پر وفاقی سیکریٹری اور ایڈیشنل سیکریٹری امورِ کشمیر و گلگت بلتستان، کامران رحمان خان نے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی اور واضح کیا کہ رواں سال یومِ سیاہ کو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں زیادہ مؤثر انداز میں منایا جائے گا۔
واضح رہے کہ ہر سال 27 اکتوبر کو پاکستان بھر میں یومِ سیاہ منایا جاتا ہے، جس کا مقصد عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کرانا ہے۔











