جہلم، 23 ستمبر (اے پی پی): وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے وزیراعظم فیول ریلیف سکیم پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے لیے جہلم میں مختلف پٹرول پمپس اور رجسٹریشن کیمپس کا دورہ کیا۔
وزیر مملکت نے پٹرول پمپس پر قائم وزیراعظم فیول ریلیف سکیم کے رجسٹریشن کیمپس کا معائنہ کیا اور سکیم پر عمل درآمد کا جائزہ لیا۔ انہوں نے جہلم، سوہاوہ اور دینہ کے شہری و دیہی علاقوں میں پٹرول پمپس اور رجسٹریشن کیمپس کے دو روزہ دوروں کا آغاز کیا ہے۔
بلال اظہر کیانی کل سوہاوہ اور دینہ میں پٹرول پمپس اور رجسٹریشن کیمپس کے دورے کریں گے۔ انہوں نے گزشتہ روز سکیم پر عمل درآمد کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس میں ان علاقوں کے دوروں کا اعلان کیا تھا۔
ضلع جہلم میں مجموعی طور پر 91 پٹرول پمپس ہیں جہاں وزیراعظم فیول ریلیف سکیم کے لیے رجسٹریشن کیمپس قائم کیے جا رہے ہیں۔











