زیر التوا اسلام آباد ماڈل جیل پراجیکٹ تکمیل کے قریب،اگلے ماہ افتتاح کا فیصلہ

9

اسلام آباد، 24 ستمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کی زیر صدارت اہم اجلاس میں 15 برس سے زیر التوا اسلام آباد ماڈل جیل پراجیکٹ کی تکمیل کا جائزہ لیا گیا، منصوبے کا اگلے ماہ افتتاح کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر مملکت نے ماڈل جیل اسلام آباد منصوبے پر جاری کاموں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا اور باقی ماندہ تمام کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ماڈل جیل منصوبے کی تکمیل کے لیے تمام ضروری اقدامات بروقت یقینی بنائے جائیں، کسی بھی سطح پر غیر ضروری تاخیر نہ کی جائے، 15 برس سے زیر التوا ماڈل جیل منصوبے کی تکمیل میں اب مزید تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں، افتتاح سے قبل تعمیراتی، انتظامی اور دیگر تمام ضروری امور مکمل کیے جائیں اور منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ کام کریں۔

وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری ماڈل جیل منصوبے کی تکمیل کے عمل کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ہر ہفتے منصوبے کا دورہ بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل جیل منصوبے پر کام کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر اسے مقررہ وقت میں مکمل کرائیں گے۔

اجلاس میں ماڈل جیل کے باقی ماندہ کاموں، انتظامی امور اور افتتاح سے متعلق تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، ڈی جی ایف آئی اے، فیڈرل پراسیکیوٹر جنرل، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی جی این سی سی آئی اے اور دیگر متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔