مالدیپ کے پارلیمانی وفد کا پپس کا دورہ، وفاقی وزیر قانون نے پارلیمانی نظام اور قانون سازی کے عمل پر بریفنگ دی

4

اسلام آباد، 24 ستمبر (اے پی پی): مالدیپ کے پارلیمانی وفد نے پاکستان انسٹیٹیوٹ فار پارلیمنٹری سروسز (پپس) کا دورہ کیا، جہاں پارلیمانی تجربات اور معلومات کے تبادلے کے پروگرام کے تحت ایک خصوصی سیشن منعقد کیا گیا۔

دورے کے موقع پر وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے وفد کو پاکستان کے پارلیمانی نظام، قومی اسمبلی و سینیٹ کی کارروائی، قانون سازی کے مختلف مراحل اور قائمہ کمیٹیوں کے اہم کردار سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ آئین مقننہ، انتظامیہ اور عدلیہ کے درمیان اختیارات کی تقسیم کا اصل ضامن ہے، جبکہ پارلیمانی نگرانی اور ریاستی اداروں میں باہمی توازن ہی جمہوریت کی حقیقی روح ہے۔ انہوں نے وفد کو قوانین تک آسان اور سمارٹ رسائی کے لیے وزارتِ قانون کے پلیٹ فارم “پاکستان کوڈ” ویب سائٹ اور موبائل ایپ کا استعمال کرنے کی دعوت بھی دی۔

مالدیپ کے وفد نے پاکستان کے قانون سازی کے جامع طریقہ کار اور پارلیمانی نظام میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تجربات اور تبادلہ خیال کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔