نیویارک :وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی کاروباری شخصیات سے ملاقات، پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

6

نیو یارک، 24ستمبر(اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے امریکہ میں مقیم انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، آٹو موبائل، توانائی، تعمیرات اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیات اور پروفیشنلز کے وفود نے ملاقات کی۔

وزیرِ اعظم نے وفود کو خوش آمدید کہا اور انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری شخصیات اور پروفیشنلز پاکستان کے سفیر ہیں جو دنیا بھر میں اپنے مثبت کردار سے ملک کا نام روشن کرتے ہیں۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت ملک میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔ ایف بی آر میں اصلاحات سے کاروباری برادری کے مسائل کو حل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی زرعی شعبے کی ترقی کے لیے شعبے میں جدت کے حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔

کاروباری شخصیات کے وفود نے وزیرِ اعظم کی قیادت میں زراعت، صنعت، برآمدات بالخصوص ایف بی آر میں اصلاحات کی تعریف کی۔

ملاقاتوں میں رانا مشہود احمد خان چیئرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام، معاون خصوصی بلال بن ثاقب، پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب عاصم افتخار، پاکستان کے امریکہ میں سفیر رضوان احمد شیخ، وزیرِ اعظم کے غیر ملکی میڈیا کے ترجمان مشرف زیدی، سید قمر رضا چیئرمین اوورسیز فاؤنڈیشن، مینیجنگ ڈائریکٹر اوورسیز فاؤنڈیشن افضال بھٹی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔