وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی اور وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی مشترکہ صدارت میں مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر پارلیمانی پارٹی کا اجلاس

5

مظفرآباد، 24 ستمبر(اے پی پی): وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی اور وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کی مشترکہ صدارت میں مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر پارلیمانی پارٹی کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس مظفرآباد میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی اعلیٰ قیادت سمیت قائم مقام صدر و اسپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق، صدر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر شاہ غلام قادر، سابق وزیراعظم و رکن قانون ساز اسمبلی راجہ فاروق حیدر خان، منتخب ارکان قانون ساز اسمبلی اور کابینہ کے ارکان نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی میں وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے عوامی مسائل کے حل میں انجینئر امیر مقام کی جانب سے خصوصی دلچسپی لینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

انجینئر امیر مقام نے کابینہ ارکان اور پارلیمانی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ عوامی خدمت کو اپنا مشن بنائیں اور پوری لگن و اخلاص کے ساتھ آزاد کشمیر کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز جلد آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے۔

انجینئر امیر مقام نے احتجاج اور دھرنوں کے حوالے سے کہا کہ دھرنوں سے مسائل حل نہیں ہوتے اور اس مقصد کے لیے وقت ضائع نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے احتجاج ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کے حل کے لیے بات چیت اور عملی اقدامات کا راستہ اختیار کیا جانا چاہیے۔

پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان، صدر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر شاہ غلام قادر اور صدارتی امیدوار ڈاکٹر نجیب نقی خان نے بھی خطاب کیا اور وفاقی وزیر کا خیرمقدم کیا۔