اسلام آباد۔ 23 ستمبر (اے پی پی(:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور مجموعی صورتحال، شہری سہولیات اور صفائی و خوبصورتی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
وزیر داخلہ نے سکولز، ہوٹلز اور دیگر عوامی مقامات کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں، انہوں نے اسلام آباد شہر میں ہر قسم کی تجاوزات فوری طور پر ختم کرنے کا حکم دیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ شہر میں کسی بھی قسم کی تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی، تمام تجاوزات کو بلا امتیاز فوری طور پر ہٹایا جائے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے اسلام آباد کی تمام سڑکوں کی بیوٹیفکیشن کا منصوبہ فوری شروع کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سڑکوں، گرین بیلٹس، میڈینز اور دیگر خالی مقامات کی خوبصورتی پر خصوصی توجہ دی جائے، خالی مقامات پر بڑے پیمانے پر پودے لگائے جائیں، شہر کی گرینری کو مزید بہتر بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو ہر لحاظ سے کیپیٹل سٹی نظر آنا چاہیے، اسلام آباد پاکستان کا دارالحکومت ہے اور شہر کی صفائی، خوبصورتی اور شہری سہولیات اس کے شایان شان ہونی چاہئیں، شہر کی بیوٹیفکیشن پر خصوصی توجہ دی جائے اور شہری سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات تیز کیے جائیں۔
چیف کمشنر اسلام آباد اور متعلقہ افسران بھی وفاقی وزیر داخلہ کے ہمراہ تھے۔











