سہیل شوکت بٹ کی زیر صدارت اجلاس، افرادِ باہم معذوری کو طبی، مالی، تعلیمی و روزگار کی سہولیات مزید مؤثر بنانے کی ہدایت

6

 

لاہور، 24 ستمبر (اے پی پی): صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے کونسل آن دی رائٹس آف پرسنز ود ڈس ایبلٹیز کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے افرادِ باہم معذوری کو طبی، مالی، تعلیمی اور روزگار سے متعلق سہولیات کی فراہمی مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔

ڈی جی سوشل ویلفیئر و سیکرٹری کونسل ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم سمیت متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک 6 لاکھ 40 ہزار سے زائد افرادِ باہم معذوری کو ڈس ایبلٹی سرٹیفکیٹس جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی کی ہمت کارڈ قسط بھی جاری کر دی گئی ہے۔ اسپیشل ایجوکیشن کے طلبہ کو ہمت کارڈ کی فراہمی سے متعلق پیش رفت سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا گیا۔

سہیل شوکت بٹ نے ہدایت کی کہ ہمت کارڈ کے بینیفیشریز سے قسط کی وصولی کا فیڈ بیک حاصل کیا جائے اور انہیں درپیش مسائل کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہمت کارڈ بینیفیشریز کے لیے ٹیکسٹ میسج سروس کو دو طرفہ بنانے اور شکایات پر بروقت جواب دینے کی بھی ہدایت کی۔

صوبائی وزیر نے ہمت کارڈ بینیفیشریز کو میڈیکل سوشل ویلفیئر افسران سے منسلک کرنے کے لیے مؤثر رابطہ کاری میکنزم تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ادویات یا طبی معاونت درکار ہونے کی صورت میں متعلقہ میڈیکل سوشل ویلفیئر افسر کے ذریعے سہولت فراہم کی جائے۔

انہوں نے معاون آلات میں خرابی کی صورت میں بینیفیشریز کو بلا معاوضہ مینٹیننس کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ افرادِ باہم معذوری کی جاب پلیسمنٹ اور معاشی خودمختاری کے لیے اقدامات تیز کیے جائیں۔

سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ بینائی سے محروم افراد کے لیے سافٹ جابز کے مواقع بڑھانے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے پر توجہ دی جائے، جبکہ اسکل ڈویلپمنٹ سینٹرز میں افرادِ باہم معذوری کے لیے تربیتی مواقع میں بھی اضافہ کیا جائے۔

انہوں نے فیلڈ افسران کو افرادِ باہم معذوری کی شکایات اور مسائل کے بروقت ازالے کے لیے فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت افرادِ باہم معذوری کو تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں