وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا تجارت کے فروغ اور علاقائی رابطوں کیلئے ایم ایل ون کی مکمل اپ گریڈیشن پر زور

6

منگولیا، 28 ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے پاکستان کی تجارت کے فروغ، مال برداری کی استعداد میں اضافے اور علاقائی رابطوں کے استحکام کیلئے پاکستان ریلوے کی مرکزی ریلوے لائن ون (ایم ایل ون) کی مکمل اپ گریڈیشن پر زور دیا ہے۔

منگولیا میں وسطی ایشیا علاقائی اقتصادی تعاون پروگرام کانفرنس کے موقع پر تجارت، سیاحت اور علاقائی مسابقت کے فروغ کے موضوع پر ترقیاتی شراکت داروں کے مکالمے سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ایم ایل ون پاکستان کی معاشی ترقی، تجارت کے فروغ اور علاقائی رابطوں کے استحکام کیلئے اہم قومی ترجیح ہے۔

احسن اقبال نے ایم ایل ون منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی پریزنٹیشن دیتے ہوئے ترقیاتی شراکت داروں کو کراچی، روہڑی حصے کی اپ گریڈیشن پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون پاکستان کے ریلوے نظام کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور ملک کی تجارت و معاشی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن محض ریلوے کا منصوبہ نہیں بلکہ پاکستان کی معاشی ترقی، تجارتی استعداد اور علاقائی رابطوں سے براہ راست منسلک اہم قومی منصوبہ ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے ریلوے کی گنجائش اور کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہوگا جبکہ مسافر اور مال بردار ٹرینوں کی رفتار میں بھی بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن سے کراچی سے پشاور تک ایک جدید اور مؤثر ریلوے راہداری تشکیل پائے گی جو بڑھتی ہوئی مسافر اور مال برداری کی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ علاقائی تجارت اور رابطوں کو مزید مضبوط بنائے گی۔

کراچی، روہڑی حصے پر پیش رفت کے حوالے سے احسن اقبال نے بتایا کہ یہ منصوبہ ایم ایل ون کی مکمل اپ گریڈیشن کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک منصوبے کیلئے مالی معاونت کی قیادت کر رہا ہے جبکہ دیگر بین الاقوامی ترقیاتی ادارے بھی معاونت فراہم کرنے والے شراکت داروں میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی، روہڑی منصوبہ تیاری کے مرحلے سے آگے بڑھ چکا ہے، انجینئرنگ کے کام پر پیش رفت ہوئی ہے جبکہ خریداری اور مالی معاونت کے مراحل بھی آگے بڑھ رہے ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کا مقصد کراچی، روہڑی منصوبے کو ایک الگ منصوبے تک محدود رکھنا نہیں بلکہ اسے کراچی سے پشاور تک ایم ایل ون کی مکمل اپ گریڈیشن کی جانب اہم قدم بنانا ہے۔ حکومت باقی حصوں کی اپ گریڈیشن کیلئے بھی مالی معاونت کے انتظام پر کام کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن سے پاکستان کو جدید، زیادہ گنجائش رکھنے والی اور مؤثر ریلوے راہداری میسر آئے گی، جس سے تجارت، معاشی سرگرمیوں، مال برداری اور علاقائی رابطوں کو مزید فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ منصوبے پر مؤثر عملدرآمد، مالی معاونت کے تسلسل اور ایم ایل ون کو کراچی سے پشاور تک ایک مربوط ریلوے راہداری کے طور پر مکمل کرنے پر مرکوز ہے۔

وفاقی وزیر نے وسطی ایشیا علاقائی اقتصادی تعاون ادارے اور ازبکستان کے وفد سے بھی ملاقاتیں کیں۔ کانفرنس میں ان کی شرکت پاکستان کی جانب سے بنیادی ڈھانچے، تجارت، سیاحت اور علاقائی رابطوں کے فروغ کیلئے علاقائی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔