وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر خان سے ازبک سفیر کی ملاقات، معاشی تعاون اور فضائی رابطوں پر گفتگو

3

اسلام آباد، 6 اکتوبر(اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے ازبکستان کے سفیر علی شیر تختَیو نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ازبکستان کے دوطرفہ تعلقات، تجارت، برآمدات، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و معاشی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا خواہاں ہے اور وزیراعظم کے وژن کے مطابق برادر ممالک کے ساتھ تجارتی تعاون پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

ملاقات میں ازبک صدر کے متوقع دورہٴ پاکستان کی تیاریوں اور باہمی تعاون کے امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس کے علاوہ ازبکستان کے مختلف صوبوں کے گورنرز سے ملاقاتوں کے لیے پاکستانی کاروباری وفد کی تشکیل پر مشاورت کی گئی، جبکہ ازبکستان کی جانب سے پاکستانی وفد کو دورے کی باضابطہ دعوت بھی دی گئی۔

ہارون اختر خان نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان براہ راست فضائی رابطوں کو عوامی تعلقات، تجارت اور سیاحت کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کارگو فضائی سروس کا آغاز برآمدات اور تجارت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔

ملاقات میں ایڈیشنل سیکریٹری ہمایرا ضیاء مفتی، جوائنٹ سیکریٹری فریدون اکرم شیخ اور ڈپٹی سیکریٹری شاہد اعجاز تارڑ بھی موجود تھے۔