اسلام آباد ،06 اکتوبر(اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت موسم سرما میں گیس لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے گیس کی لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے جامع لائحہ عمل ترتیب دینے اور پیشگی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گیس لوڈ مینجمنٹ کی حکمت عملی پر عملدرآمد کے حوالے سے بھرپور عوامی آگاہی مہم چلائی جائے ۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں گیس کی بلا تعطل درآمد کے حوالے سے تمام تر ضروری اقدامات کئے جائیں۔
اجلاس کو گیس لوڈ مینجمنٹ کے حوالے پیشگی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ مقامی گیس کی فراہمی کے حوالے سے گھریلو صارفین ترجیح ہوں گے ۔بجلی کی پیداوار اور صنعتوں کے لئے آر ایل این جی ترجیح ہو گی ۔
اس کے علاوہ بتایا گیا کہ گھریلو سطح پر مقامی گیس کی جگہ متبادل ذرائع توانائی کو فروغ دینے کے حوالے سے عوامی آگاہی مہم شروع کی جائے گی ۔
علاوہ ازیں،بتایا گیا کہ ملک کے شمالی علاقوں میں موجود گیس کے ذخائر سے بلا تعطل ترسیل یقینی بنانے کے حوالے سے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔واٹر و اسپیس ہیٹنگ کے لئے بجلی ہر چلنے والے آلات کے حوالے سے بینک فنانسنگ کی سہولت متعارف کروانے کی تجویز بھی زیر غور ہے ۔
اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ،وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب،وفاقی وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل علی پرویز ملک، وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت ہارون اختر، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔











