پاکستان اور ایتھوپیا کا تعلیم، ہنرمندی کے فروغ اور تحقیق میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

7

اسلام آباد، 9 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت سید خالد مقبول صدیقی اور پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر اومر حسین اوبا نے تعلیم، اعلیٰ تعلیم، فنی و پیشہ ورانہ تربیت اور تحقیق کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت میں ہونے والی ملاقات کے دوران تعلیمی اداروں کے درمیان روابط، اسٹیم  تعلیم، تحقیقی سرگرمیوں اور ہنرمندی کے فروغ کے شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ایتھوپیا کے ساتھ اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے 1973ء میں سفارتی تعلقات قائم کیے جبکہ 2022ء میں اسلام آباد میں ایتھوپیا کے سفارتخانے کا قیام دوطرفہ روابط کے استحکام کی جانب اہم پیش رفت تھی۔

انہوں نے تعلیم کے شعبے میں تعاون سے متعلق مفاہمت کی مجوزہ یادداشت کو حتمی شکل دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں ایتھوپیا کی تجاویز اور آرا کا جائزہ لے کر باہمی رضامندی سے مسودے کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔

سید خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ دونوں ممالک کی جامعات اور تحقیقی اداروں کے درمیان مشترکہ سیمینارز، ورکشاپس، ویبینارز، اساتذہ اور ماہرین کے تبادلے اور مشترکہ تحقیقی منصوبوں کے ذریعے تعاون کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے طلبہ کے علمی و تحقیقی مواقع بڑھانے کے لیے تعلیمی وسائل کے تبادلے اور ادارہ جاتی روابط کی اہمیت بھی اجاگر کی۔

وفاقی وزیر نے فنی و پیشہ ورانہ تعلیم اور ہنرمندی کے فروغ کے شعبوں میں تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) اور ایتھوپیا کے متعلقہ اداروں کے درمیان روابط سے تربیتی معیار بہتر بنانے، صنعتی ضروریات سے ہم آہنگ مہارتوں کے فروغ اور ادارہ جاتی استعدادِ کار میں اضافے میں مدد مل سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیبر مارکیٹ کے رجحانات اور ابھرتی ہوئی مہارتوں سے متعلق معلومات کا تبادلہ بھی تربیتی پروگراموں کو روزگار کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔

ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر اومر حسین اوبا نے پرتپاک استقبال پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے تعلیم، تحقیق اور جامعات کے درمیان روابط کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے تعلیمی تعاون کے مجوزہ فریم ورک کو آگے بڑھانے اور طلبہ، اساتذہ، تعلیمی اداروں اور ہنرمندی کے شعبے میں باہمی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔