اسلام آباد، 10 اکتوبر ( اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے مارگلہ روڈ کی موٹروے تک توسیع اور سنگجانی انٹرچینج پراجیکٹس کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے اسلام آباد کے شہریوں کو موٹروے تک آمد و رفت کا متبادل راستہ میسر ہوگا۔ انہوں نے منصوبوں پر ڈبل شفٹ میں کام جاری رکھنے اور رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبوں پر کام ہر صورت 31 دسمبر تک مکمل کیا جائے۔
وزیر داخلہ نے ڈپٹی کمشنر کو تمام تجاوزات ایک ہفتے میں کلیئر کرنے اور منصوبوں کی تکمیل میں حائل تمام رکاوٹیں فوری دور کرنے کی ہدایت کی۔
سی ڈی اے حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ مارگلہ روڈ تا سنگجانی انٹرچینج منصوبے کی مجموعی لمبائی 2.7 کلومیٹر ہے اور منصوبے میں ایک انڈر پاس اور ایک انٹرچینج شامل ہے۔ دورے کے موقع پر چیئرمین سی ڈی اے، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔











