وفاقی وزیرداخلہ کی ترکیہ کی وزارت داخلہ آمد، ترک ہم منصب سے ملاقات

7

 

استنبول،  10 اکتوبر ( اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ترکیہ کے سرکاری دورے پر استنبول پہنچ گئے،  ائرپورٹ پر وفاقی وزیرداخلہ کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ترکیہ کی وزارت داخلہ میں اپنے ترک ہم منصب مصطفی چفتچی سے ملاقات کی ،دونوں وزرائے داخلہ نے  تعاون مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وفاقی وزیرداخلہ نے غیر قانونی امیگریشن مافیا کے خلاف پاکستان میں کریک ڈاؤن کے مثبت نتائج سے آگاہ کیا ۔

ترکیہ کے وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان سے ترکیہ کی جانب غیر قانونی امیگریشن کی شرح 70 فیصد سے کم ہو کر 17 فیصد رہ گئی۔ترکیہ کے وزیر داخلہ نے غیرقانونی امیگریشن کی شرح میں غیر معمولی کمی پر پاکستانی اقدامات کو سراہا ۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دہشتگردی، منشیات  اور منظم جرائم کے سدباب کے لیے تعاون بڑھانے کا معاہدے پر دستخط کئے گئے۔

دونوں وزرائے داخلہ نے دستخط کئے،دونوں وزارت داخلہ کے درمیان تعاون بڑھانے کے لئے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں سائبر پولیس،  اینٹی نارکوٹکس فورس،  نیشنل پولیس اکیڈمی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی معاونت، ماہرین کے تبادلوں اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے تعاون بڑھایا جائے گا۔