پاک افغان سرحد پر خوارج کی دراندازی ناکام، سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 12 دہشت گرد و افغان طالبان ہلاک، نائب صوبیدار شہید

4

 

راولپنڈی ،11اکتوبر  (اے پی پی):سکیورٹی فورسز نے ضلع کرم میں پاک افغان بین الاقوامی سرحد پر اعلیٰ ترین چوکسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے افغانستان سے خوارج کے ایک گروہ کی دراندازی کی کوشش کو موثر جوابی کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا، جس کے دوران افغان طالبان چوکیوں کی جانب سے خوارج کی کھلی پشت پناہی اور فائرنگ کے باوجود 12 خوارج اور افغان طالبان ہلاک کر دیئے گئے  جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں بہادری سے لڑتے ہوئے پاک فوج کے نائب صوبیدار ہدایت امان نے جامِ شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق  گزشتہ روز  ضلع کرم میں پاک افغان بین الاقوامی سرحد کے ساتھ خوارج کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا گیا  جو افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا، اسے سکیورٹی فورسز نے موثر طریقے سے نشانہ بنایا۔

سکیورٹی فورسز نے اعلیٰ ترین چوکسی اور مستعدی برقرار رکھتے ہوئے دراندازی کی اس کوشش کو موثر انداز میں ناکام بنا دیا جبکہ افغان طالبان کی چوکیوں نے بھی خوارج کی اس دراندازی کی حمایت میں فائرنگ شروع کر دی۔ چوکس جوانوں کی مہارت کے نتیجے میں 12 خوارج اور افغان طالبان ہلاک ہو گئے جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران  40 سالہ  نائب صوبیدار ہدایت امان جو  ضلع غذر   کے رہائشی  ہیں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر  نے کہا ہے کہ پاک افغان سرحد پر پیش آنے والا یہ واقعہ ایک بار پھر پاکستان کے اس مبنی  بر حقیقت اور    ٹھوس موقف کی تصدیق کرتا ہے کہ افغان طالبان رجیم دہشت گرد تنظیم کو افغان سرزمین کے استعمال سے روکنے میں جان بوجھ کر مکمل ناکام رہی ہے بلکہ وہ سرحد پار دہشت گردی کی سہولت کاری اور سرپرستی کر رہی ہے۔ افغان طالبان رجیم انسدادِ دہشت گردی سے متعلق اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو نبھانے میں مسلسل ناکام رہی ہے۔

آئی ایس پی آر  نے کہا کہ  پاکستان کی سکیورٹی فورسز وطن کی سرحدوں کے دفاع کے لیے اپنے عزم پر غیر متزلزل اور ثابت قدم ہیں، علاقے میں موجود بھارتی سرپرستی یافتہ دیگر خارجیوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے جبکہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے بیرونِ ملک سے مالی معاونت اور پشت پناہی حاصل کرنے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ (جس کی منظوری نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی نے دی ہے) کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی بلا تعطل مہم پوری قوت سے جاری رہے گی۔ ہمارے بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہر قیمت پر اپنے وطن اور اس کی سرحدوں کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔