چوہدری شافع حسین نے منڈی بہاؤالدین میں 54 ایکڑ پر پہلی سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کا افتتاح کر دیا

7

لاہور، 11 اکتوبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے منڈی بہاؤالدین میں 54 ایکڑ رقبے پر قائم ضلع کی پہلی سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کا افتتاح کر دیا۔ اس منصوبے کے تحت 252 صنعتی پلاٹ مختص کیے گئے ہیں جبکہ صنعتی یونٹس کے قیام کے لیے پلاٹوں کے حصول کی آن لائن درخواستوں کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔افتتاحی تقریب میں اراکین اسمبلی، ڈپٹی کمشنر منڈی بہاؤالدین، ایوانِ صنعت و تجارت کے عہدیداران، صنعتکاروں اور سرکاری حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شافع حسین نے کہا کہ منڈی بہاؤالدین میں سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کا قیام ایک اہم اقدام ہے، جس کا منصوبہ گزشتہ دس سال سے زیر التوا تھا۔ اس منصوبے سے علاقے میں صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے صنعتی اسٹیٹ میں 20 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبے میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ علاقے کی ترقی کے لیے فراہم کردہ فنڈز سے ٹیوٹا کے اداروں کی لیبارٹریوں کو بھی اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کو ملک کا قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے انہیں منڈی بہاؤالدین کی سمال انڈسٹریل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری اور صنعتی یونٹس قائم کرنے کی دعوت دی۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی کوششوں سے اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں پر ناجائز قبضوں کے خاتمے کے لیے قانون سازی کی گئی ہے اور متعلقہ خصوصی عدالتوں کو 90 روز کے اندر فیصلے کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب کی صنعتی اسٹیٹس میں صنعتی انفراسٹرکچر کی بہتری کا بڑا پروگرام شروع کیا گیا ہے اور پہلی بار صنعتی پلاٹوں کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔ صوبے میں الیکٹرک وہیکلز کے متعدد کارخانے قائم ہو چکے ہیں جبکہ لیتھیئم بیٹریوں کے کارخانے بھی لگائے جا رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ صنعتی اسٹیٹس میں آبادکاری کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور صنعتی مراکز میں رئیل اسٹیٹ کا کاروبار ختم کیا گیا ہے۔ منڈی بہاؤالدین کی سمال انڈسٹریل اسٹیٹ میں بھی کسی صورت رئیل اسٹیٹ کا کاروبار نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بزنس فیسیلیٹیشن سینٹرز کے ذریعے کاروباری سرگرمیوں کے لیے 30 روز میں این او سی جاری کیے جا رہے ہیں۔صدر چیمبر آف کامرس منڈی بہاؤالدین چوہدری شہزاد اشرف نے کہا کہ صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین کی کوششوں سے دس سال سے زیر التوا منصوبہ مکمل ہوا ہے، جس پر صنعتکار پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن اور صوبائی وزیر کے شکر گزار ہیں۔ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن صبیح ذکا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سمال انڈسٹریل اسٹیٹ میں 252 صنعتی پلاٹ ہیں اور پلاٹوں کے حصول کا تمام عمل آن لائن ہوگا۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر کو روایتی پگ پہنائی گئی۔