اسلام آباد،12 اکتوبر ( اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت دانش آئی ٹی پارک اسلام آباد کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوانوں کو آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور فن ٹیک کے شعبوں میں جدید مہارتوں کی فراہمی اور آئی ٹی انٹرپرینیورز کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کا سفر جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم نے دانش آئی ٹی پارک اسلام آباد کو ٹیکنالوجی کا عالمی معیار کا مرکز بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دانش آئی ٹی پارک کو اکیڈیمیا اور انڈسٹری کے مؤثر اشتراک سے جدید آئی ٹی ایکو سسٹم کا مرکز بنایا جائے۔دانش آئی ٹی پارک میں عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی شراکت داری سے آپریشنز شروع کیے جائیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی دانش آئی ٹی پارک اسلام آباد کے منصوبے کا جامع کیس اسٹڈی کرے،دانش آئی ٹی پارک منصوبے کا تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی کرایا جائے۔
اس کے علاوہ آئی ٹی برآمدات میں اضافے اور اس سیکٹر میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے جامع ایکو سسٹم کی تشکیل پر اجلاس کو بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے تحت 50 نجی عمارتوں کو سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس میں اپ گریڈ کیا جا چکا ہے۔ملک میں اسٹارٹ اپس کی معاونت کے لیے 8 انکیوبیشن سینٹرز قائم کئے جا چکے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئی ٹی پروفیشنلز کو سہولیات کی فراہمی کے لیے 105 کو ورکنگ اسپیسز فعال ہیں۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ دانش آئی ٹی پارک اسلام آباد میں آپریشنز کے لیے عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں سے رابطے کیے جا رہے ہیں۔











