اسلام آباد، 12 اکتوبر (اے پی پی): وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت وزیراعظم شہباز شریف کے چین کے ساتھ تعاون کے وژن کو عملی شکل دینے کے لیے چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے چینی شینگ تانگ گروپ کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں صنعتی ترقی، انفراسٹرکچر، سیاحت، الیکٹرک وہیکلز، ریلوے، توانائی اور شہری ترقی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی شینگ تانگ گروپ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے اور 10 ملین ڈالر مالیت کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق کاروبار دوست ریگولیٹری اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاروں کے لیے لینڈ لیز ماڈل بھی موجود ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے یہ موزوں وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر اپنی قابل اعتماد حیثیت اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے جبکہ چین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات انتہائی گہرے اور مضبوط ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان متعدد مشترکہ منصوبوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہو چکے ہیں، جن میں سے متعدد منصوبے عمل درآمد کے مرحلے میں ہیں۔
مشیر برائے صنعت و پیداوار نے کہا کہ چینی سرمایہ کاری سے پاکستان میں صنعتی ترقی، معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے الیکٹرک وہیکلز کی ٹیکنالوجی کو پاکستان میں سرمایہ کاری کا اہم شعبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک اس ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے تیزی سے پیش رفت کر رہا ہے۔
ملاقات کے اختتام پر ہارون اختر خان نے چینی وفد کو یادگاری سووینئر پیش کیا اور انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔











