راولپنڈی، 12 اکتوبر (اے پی پی): پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ایک مشاق تربیتی طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث کوئٹہ کے قریب گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں موجود انسٹرکٹر اور اسٹوڈنٹ پائلٹ جامِ شہادت نوش کر گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افسوسناک حادثہ پیر کی دوپہر کو اس وقت پیش آیا جب مشاق تربیتی طیارہ معمول کی پرواز پر تھا۔ پرواز کے دوران اچانک تکنیکی خرابی پیدا ہونے کے باعث طیارہ نواں کلی، کوئٹہ کے قریب زمین بوس ہو گیا۔
حادثے کے نتیجے میں طیارے میں سوار دونوں پائلٹس، انسٹرکٹر پائلٹ میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور اسٹوڈنٹ پائلٹ کیپٹن عبدالصمد نے جامِ شہادت نوش کیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں فوراً جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ حادثے کی بنیادی وجوہات کے تعین کے لیے اعلیٰ سطحی انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔











