اسلام آباد، 12 اکتوبر (اے پی پی): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات کے فروغ کے لیے سیرت انڈومنٹ فنڈ کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ فنڈ کے لیے ابتدائی طور پر 10 کروڑ روپے فراہم کیے جائیں گے۔
بین الاقوامی سیرت النبی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات بین الاقوامی امن، باہمی احترام، انصاف اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذہب اور سیاست کے نام پر انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے اختلافات کو مکالمے اور باہمی احترام کے ذریعے حل کرنا ہوگا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ عالمی تنازعات کے حل اور قوموں کے درمیان پل تعمیر کرنے کے لیے سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات سے رہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر امن کے فروغ اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے۔
محمد اسحاق ڈار نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ بھی سیرت انڈومنٹ فنڈ میں عطیات دیں تاکہ معاشرے میں سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات کو عام کیا جا سکے اور نفرت، تعصب، ظلم اور انتہا پسندی کے خاتمے میں مدد ملے۔











