وزیر داخلہ محسن نقوی سے یورپین کمشنر برائے داخلی امور کی ملاقات، پاکستانی موثز اقدامات کے باعث  یورپ کی جانب غیر قانونی مائیگریشن میں 64 فیصد کمی کی  ستائش

3

اسلام آباد ،13 اکتوبر(اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے یورپین کمشنر برائے داخلی امور و مائیگریشن میگنس برنر نے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان وفود کی سطح پر تفصیلی مذاکرات ہوئے۔ ملاقات کے دوران غیر قانونی مائیگریشن کے خاتمے، قانونی امیگریشن کے فروغ اور سرحدی نظم و نسق کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یورپین کمشنر میگنس برنر نے غیر قانونی مائیگریشن کی روک تھام کے لیے پاکستان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے مؤثر اقدامات کے باعث یورپ کی جانب غیر قانونی مائیگریشن میں 64 فیصد کمی قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے نے کم وسائل کے باوجود جس پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابل تحسین ہے، اور غیر قانونی مائیگریشن میں اس واضح کمی سے قانونی مائیگریشن کی نئی راہیں کھلیں گی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں غیر قانونی مائیگریشن کے خلاف”زیرو ٹالرنس” پالیسی اپنائی گئی ہے۔ انہوں نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 64 فیصد کمی کے بعد ہمارا اگلا ہدف اس کا 100 فیصد خاتمہ ہے۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ غیر قانونی مائیگریشن ایک انتہائی سنجیدہ عالمی مسئلہ ہے اور اس کے مکمل خاتمے کے لیے پاکستان اور یورپی یونین کو مل کر کام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

ملاقات میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان قانونی مائیگریشن کے فروغ، ہنرمند افرادی قوت کے لیے مواقع بڑھانے، بارڈر سکیورٹی اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر کامل اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ غیر قانونی مائیگریشن کے خاتمے کے لیے یورپی یونین کے  ”ایسٹرن کوریڈور انیشیٹو” پر مشترکہ اقدامات اور پاکستان کوسٹ گارڈز کی استعداد کار بڑھانے کے لیے باہمی تعاون پر گفتگو ہوئی، جس پر یورپین کمشنر نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات میں سیکرٹری داخلہ، سپیشل و ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، ڈی جی این سی سی آئی اے، ڈی جی پاسپورٹ، چیف کمشنر اسلام آباد اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔