استنبول:وزیر مملکت بیرسٹر عقیل ملک  کی “انٹرنیشنل جسٹس سمٹ 2026” میں پاکستان کی نمائندگی، مختلف  ممالک کے وزرا  ئے قانون  وماہرین سے ملاقاتیں

9

اسلام آباد، 13 اکتوبر (اے پی پی): وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے استنبول میں منعقدہ “انٹرنیشنل جسٹس سمٹ 2026” میں پاکستان کی نمائندگی کی اور اس موقع پر مختلف ممالک کے وزرائے قانون، اعلیٰ حکام اور بین الاقوامی قانونی ماہرین سے اہم ملاقاتیں کیں۔

 بیرسٹر عقیل ملک نے آذربائیجان، یوگنڈا ، جمہوریہ کانگو، ترکیہ، بوسنیا کے وزراء و نائب وزراء سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ جن میں انصاف کی فراہمی، قانونی اصلاحات، عدالتی تعاون، ادارہ جاتی استعدادِ کار اور بین الاقوامی قانونی شراکت داری کو فروغ دینے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر پاک آذربائیجان باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔ مزید برآں، بیرسٹر عقیل ملک نے سمٹ میں  ‘‘ہجرت، ذمہ داریوں کی تقسیم اور انسانی وقار’’ کے عنوان سے پینل مباحثے میں شرکت کی اور مہاجرین کے تحفظ، انسانی امداد اور جبری نقل مکانی کی بنیادی وجوہات سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر موثر تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔