روسی وزیر داخلہ کا پولیس لائنز اور پاکستان مونومنٹ کا دورہ، پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف

5

اسلام آباد،13 اکتوبر(اے پی پی):روس کے وزیر داخلہ ولادیمیر کولاکولتسیف نے وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ اسلام آباد پولیس لائنز اور پاکستان مونومنٹ کا دورہ کیا۔روس کے وزیر داخلہ نے اسلام آباد پولیس لائنز میں شاندار پریڈ دیکھی، خصوصی دستوں نے سلامی پیش کی۔

روس کے وزیر داخلہ نے اسلام آباد پولیس کی پریڈ کا معائنہ کیا، اس موقع پر پاکستان اور روس کے قومی ترانے بجائے گئے۔روسی وزیر داخلہ کو پاکستانی پرچم پیش کیا گیا، روسی وزیر داخلہ نے احتراماً پاکستانی پرچم کو بوسہ دیا۔

روس کے وزیر داخلہ نے اسلام آباد پولیس کے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور شاندار کارکردگی پر اہلکاروں میں انعامات تقسیم کیے۔آئی جی اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی، ڈی آئی جیز اور پولیس افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

روس کے وزیر داخلہ کی وزیر مملکت طلال چوہدری کے ہمراہ پاکستان مونومنٹ آمد، فیڈرل کانسٹیبلری کے چاق و چوبند دستے نے روسی وزیر داخلہ کو سلامی پیش کی۔

روسی وزیر داخلہ ولادیمیر کولاکولتسیف نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔روسی وزیر داخلہ نے شکرپڑیاں سے وفاقی دارالحکومت اور مارگلہ پہاڑی سلسلے کے دلکش مناظر کا نظارہ کیا اور اسلام آباد کے قدرتی حسن اور خوبصورتی کو سراہا۔