اسلام آباد ، 13 اکتوبر ( اے پی پی) : وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان مسلم لیگ (ق)، بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی)، استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) اور مسلم لیگ (ضیاء) کے مشترکہ پارلیمانی وفد نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور خصوصاً خیبر پختونخوا کے امور پر غور کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے وفد کو صوبہ خیبر پختونخوا کی تازہ ترین صورتحال پر اعتماد میں لیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کو بہتر بنانے، معیشت کے استحکام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے گورنر کی معاونت کے واسطے ایک غیر جانبدار ٹیکنوکریٹ ایڈوائزری کونسل قائم کی گئی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں پی ٹی آئی حکومت کے طرزِ عمل اور دہشت گردی کے خلاف دو ٹوک مؤقف نہ اپنانے کی وجہ سے پاکستان کی ترقی کرتی ہوئی معیشت کو شدید خطرات لاحق تھے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے باہمی مشاورت اور ملکی مفاد میں آئین کے آرٹیکل 232 اور 234 کے تحت آئینی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت نے نہ تو دہشت گردی کی واضح الفاظ میں مذمت کی اور نہ ہی دہشت گردوں کے خلاف کوئی مؤثر و بھرپور کارروائی کی۔
انہوں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے خیبر پختونخوا میں پاک افواج، سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا اور مادرِ وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ پچھلے 13 سالوں کے دوران پی ٹی آئی اور صوبائی حکومت نے عوامی فلاح و بہبود کے لیے کوئی کام نہیں کیا اور نہ ہی عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے خاطر خواہ اقدامات کیے گئے، بلکہ صرف انتشار کا راستہ اپنایا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے این ایف سی (NFC) ایوارڈ کے تحت 800 ارب روپے سے زائد کے فنڈز فراہم کیے، لیکن صوبائی حکومت کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی استعداد کار بڑھانے اور سیف سٹیز پراجیکٹس کے قیام میں ناکام رہی۔
اس موقع پر پارلیمانی وفد نے موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے وفاقی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون اور یکجہتی کا یقین دلایا۔ اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں نے مشکل حالات میں ملک کی بہترین قیادت اور رہنمائی کرنے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ وفد نے مؤقف اختیار کیا کہ خیبر پختونخوا کے عوام گزشتہ 13 سال سے پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر جیسے بنیادی شعبوں میں ترقی سے محروم رہے ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے اب خیبر پختونخوا میں بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح ترقی اور خوشحالی کا سفر تیزی سے آگے بڑھے گا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور و بین الصوبائی روابط رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔











